برطانیہ میں بھارتی ڈاکٹرکو تین بارعمر قید سزا

برطانیہ میں 50 سالہ بھارتی ڈاکٹرکو خواتین مریضوں کے معائنے کے بہانے 90 بار جنسی استحصال کرنے پر3 بارعمرقید کی سزا سنادی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی عدالت نے بھارتی ڈاکٹر منیش شاہ کو بچیوں اور خواتین مریضوں کا غیرضروری اورتفصیلی معائنہ کرنے، جنسی اعضا کو بلا ضرورت ہاتھ لگانے اور جنسی استحصال کرنے کے 90 سے زائد شکایتوں پر3 بارعمر قید کی سزا سنائی۔ انہیں 17 خواتین کی شکایت پر پہلے بھی سزا ہوچکی ہے۔

جیوری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر منیش شاہ نے ڈاکٹر اور مریض کے درمیان اعتماد کے رشتے کو ٹھیس پہنچائی، بھروسے کو توڑتے ہوئے محض جنسی لذت حاصل کرنے کے لیے غیر ضروری معائنے اور ٹیسٹس کرکے مریضوں کو ذہنی کوفت میں مبتلا کیا۔
بھارتی ڈاکٹر منیش پر جنسی تسکین حاصل کرنے کے لیے خواتین کا غیر ضروری معائنہ کرنے کا جرم 13 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں ثابت ہو گیا تھا جس میں فرد جرم بھی عائد کردی گئی تھی، جیوری کو بتایا گیا تھا کہ ڈاکٹر کیخلاف مریضوں کو بوسہ دینا، گلے لگانا، کچھ کو خصوصی اور کچھ کو اسٹار قرار دینے کے شواہد موجود ہیں۔
پراسیکیوٹر کیٹ بیکس نے جیوری کو مزید بتایا کہ ڈاکٹر منیش نے معالجین کے لیے جاری کی جانے والی گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کی اور نیشنل ہیلتھ سروسز کی مقرر کردہ قواعد و ضوابط کو پامال کیا تاہم ڈاکٹر منیش نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بس اپنے مریضوں کو بہتر صحت کی سہولیات دینا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں