کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

کراچی: 6 فروری۔ سندھ کے وزیر صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں کوآپریٹو سوسائٹیوں کے معاملات کی سماعت کے دوران کہی۔اس موقع پر رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی سہیل بلوچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی کاوشوں کی وجہ سے کوآپریٹو سوسائٹیوں سے متعلق شکایات کی تعداد بتدریج کم ہورہی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹ خریدنے سے قبل اس کی تصدیق کی جانی چاہئے کیونکہ جعلی دستاویزات پر پلاٹوں کی فروخت میں بعض مافیاز ملوث ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹوں کی ڈبلنگ سے متعلق تمام متنازعہ معاملات کو خالص میرٹ کی بنیاد پر نمٹایا جائے گا اور کسی کو بھی اس کے جائز حق سے محروم نہیں کیا جائے گا’۔
انہوں نے درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے گا اور ان کے حقوق کو کوئی نہیں چھینیں گے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ تمام معاملات کو مقررہ وقت میں حل کریں اور الاٹیز کے مسائل بروقت حل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں