وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے جو طرز حکومت اپنایا ہے وہ ریاستی دہشت گردی ہے

۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے جو طرز حکومت اپنایا ہے وہ ریاستی دہشت گردی ہے، بی جی پی کی حکومت کی بنیاد تنگ نظری کی پالیسی پر مبنی ہے اور بھارت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ ظلم وجبر کا رویہ رکھے ہوئے ہے، تخلیق پاکستان کے وقت کچھ دانشوروں اور سیاسی اکابرین نے بھارت کے ساتھ رہنے کے تصور کو اجاگر کرکے اس وقت کے لوگوں کو ایسی ہی تصویر پیش کی تھی کہ مسلمانوں کے لئے علیحدہ مملکت کا قیام ضروری نہیں لیکن آج 73سال گذرنے کے بعد حقیقت سامنے آہی گئی ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ ریاست کا قیام کیوں ضروری تھا، آج بھارت کے بیس کروڑ مسلمانوں کے لئے سوال اٹھاہے کہ کیا وہ موجودہ حالات میں بھارت کے ساتھ رہ سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے محکمہ یوتھ افیئرز کے زیراہتمام منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یسٰین زئی، مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ او رپارلیمانی سیکریٹری دھنیش کمار نے بھی تقریب سے خطاب کیا، وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن،جمہوریت اور سیکولرازم کی دعویدار بی جے پی حکومت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے، ہندوستان کی دیگر جماعتیں شاید یہ سوچ نہ رکھتی ہوں جو بی جے پی کی حکومت آج مسلمانوں اور بھارت میں بسنے والی دیگر اقلیتوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک کررہی ہے، دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی بی جے پی کا چہرہ بے نقاب کیا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کی پامالی کی قراردادوں کے نتائج بھارت کو بھگتنا پڑیں گے کیونکہ آج دنیا بھر میں بھارتی سوچ اور رویہ کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں آباد اقلتیوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور وہ پاکستان میں مذہبی آزادی کے ساتھ مطمئن زندگی گزاررہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہونے کے ناطے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ حق کا ساتھ دیں اور اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی آواز دنیا تک پہنچائیں۔ جس طرح ہم 14اگست اور دیگر قومی تہوار مناتے ہیں اسی طرح جوش وجذبہ کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر بھی منارہے ہیں، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے اور کشمیر کاز کو آگے رکھیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آواز بلند کی ہے اور اپنے جذبات دنیا تک پہنچائے ہیں، انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس انہوں نے بلوچستان کی تمام جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ کشمیر جاکر بلوچستان کے جذبات اور احساسات کشمیری عوام تک پہنچائے جنہیں کشمیری عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔اس موقع پر اسکولوں کے بچوں کی جانب سے کشمیرکی تحریک آزادی پر مبنی ٹیبلو اور قومی نغمے پیش کئے گئے، حریت کانفرنس کے رہنما زاہد صفی نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی جبکہ کشمیری عوام، بچوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد تقریب میں موجود تھے

اپنا تبصرہ بھیجیں