وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کشمیریوں کے قتل کے الزام میں گجرات کے قصائی کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں گھسیٹنے کا مطالبہ کردیا

کراچی :  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گجرات کے قصاب نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے ، لہذا ان کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرم کا مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔
یہ بات انہوں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر روڈ سے مزار قائد تک نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ حکومت سندھ نے اس ریلی کا اہتمام کیا تھا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز شاہ ، تمام صوبائی وزراء، صوبائی مشیران، معاونین خصوصی، صوبائی سیکریٹریز اور سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گجرات کے قصاب مودی نے ہندوستان کے مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کی ایک لہر جاری رکھی ہے اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا مودی کے ہاتھ معصوم کشمیریوں کے خون سے داغدار ہیں اور ایک دن انہیں عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرائم کے مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ایک تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ ایک انسان ہونے کے ناطے میں غلطیاں کرسکتا ہوں لیکن مسئلہ کشمیر مذاکرات کے معاملے میں کوئی غلطی نہیں کرسکتا۔ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ان کی جماعت اور قیادت کشمیر کے ساتھ پرعزم تھی، ہے اور رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ہر ایک نعرے بلند کر رہا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان اورکشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے اس عزم اعادہ کیا کہ وہ ہندوستان کے چنگل سے کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سید مراد علی شاہ نے بین الاقوامی برادری، انسانی حقوق کے اداروں اور ہر ایک کو کشمیری عوام کے درد کو محسوس کرنے کی اپیل کی کہ وہ ان کیلئے آواز اٹھائیں اور عالمی برادری کو نیند سے جگائیں تاکہ وہ کشمیر کو بھارت کے قبضے سے آزاد کرائیں۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے بھی خطاب کیا اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے کشمیر روڈ سے مزار قائد تک کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی کی قیادت کی۔ بڑی تعداد میں لوگ کشمیر ریلی میں شریک تھے اور ہر ایک کے ہاتھوں میں کشمیر کا جھنڈا تھا۔
ریلی کے دوران کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے نغمے گائے گئے اور ایک خصوصی میوزک بینڈ ریلی کے آغاز سے لیکر مزار قائد تک مظاہرہ کرتا رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں