دورہ ملائیشیا کے دوران عمران خان کو کچھ باتیں نہیں کرنی چاہیں تھیں، ریاستوں کے درمیان بہت سی باتیں خفیہ ہوتی ہیں

رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر رمیش کمار اپنے ہی لیڈر کے ناقد نکلے۔ تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک انصاف و ایم این اے رمیش کمار نے کہا ہے کہ دورہ ملائیشیا کے دوران عمران خان کو کچھ باتیں نہیں کرنی چاہیں تھیں ۔ بہت سی چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو ڈپلومیسی کے ذریعے حل کی جاتیں ہیں، کچھ باتیں ایسی ہوتی ہیں جو عوام کے سامنے نہیں کی جا سکتیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بہت بولڈ اور کھلے انسان ہیں۔ ریاستوں کے درمیان بہت سی باتیں خفیہ ہوتی ہیں۔ مجھے بھی بہت سی باتیں پتہ ہوتی ہیں جو کہ خفیہ رکھتا ہوں۔ وزیراعظم کو نہیں کہنا چاہیے تھا کہ کسی کے دباؤ میں آکر ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی۔وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوالالمپورسمٹ سے متعلق دوست ممالک کے خدشات دور ہو گئے ہیں، اس کا مقصد امت کو تقسیم کرنا نہیں بلکہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل نکالنا ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیاء کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے اہم ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات جاری کی گئیں۔
بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اب دونوں ممالک کے خدشات ختم ہو گئے ہیں اور اب پاکستان اپنے دیگر فریقین کے ساتھ مل کر ٹی وی چینل سمیت دیگر منصوبوں پر کام کرے گا۔ مزید بات کرتے ہوئے عمران خا ن کا کہنا تھا کہ کوالالمپورسمٹ میں شامل نہ ہونے پر افسوس ہے لیکن میں یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے کسی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔ مزید کہنا تھا کہ ہمارے ایک دوست ملک کو لگ رہا تھا کہ شاید اس کا مقصد امت کو تقسیم کرنا ہے،لیکن ہمیں مل کر اسلاموفوبیا اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے خلاف مل کر جدوجہد کرنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں