حکومت اسکولوں اور جیلوں میں قرآن پاک کی صحیح تعلیم کیلئے کوششیں کررہی ہے، جس کیلئے دعوت اسلامی سمیت دینی علماء کی رہنمائی کی ضرورت ہوگی : وزیراعلیٰ سندھ

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انکی حکومت اسکولوں اور جیلوں میں قرآن پاک کی صحیح تعلیم کیلئے کوششیں کررہی ہے جس کیلئے دعوت اسلامی سمیت دینی علماء کی رہنمائی کی ضرورت ہوگی۔ یہ بات انہوں نے بروز منگل کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں حاجی عمران عطاری کی سربراہی میں مدنی مرکز سے دعوت اسلامی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کے دیگر ارکان میں حاجی اطہر عطاری ، حاجی امین ، حاجی برکت علی ، محمد قربان ، محمد یعقوب ، محمد یحییٰ اور غلام محبوب شامل تھے۔ وفد نے طلباء کو قرآن پاک کی صحیح تعلیم دینے کا معاملہ اٹھایا۔ اس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ اسکولوں میں قرآن مجید کی تعلیم دی جائے بالخصوص اسلامیات کے پیرڈ کے دوران لازمی ہو۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے بھی سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ صرف منشیات کے اسمگلروں اور منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے بلکہ ان میں سے بیشتر کو عدالتوں میں چالان بھی کیا ہے۔ وفد نے انھیں وزیراعلیٰ سندھ کو تجویز پیش کی کہ تمام تعلیمی اداروں میں نماز پڑھنے کے انتظامات کیے جائیں تاکہ طلباء مذہب کی طرف مائل ہوسکیں۔ دعوت اسلامی نے کہا کہ وہ سندھ حکومت کے بند پڑے اسکولوں کو انگریزی میڈیم او لیول اسکول کی حیثیت سے چلانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر تعلیم کو دعوت اسلامی سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی۔ آخر میں وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو قرآن کی تفسیر کا مجموعہ بھی پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں