پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی گورنرہاﺅس آمد 

گورنرسندھ نے خوش آمدید کہا ، ڈیرن سیمی نے گورنرہاﺅس میں پودا بھی لگایا 

  پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی (Darren Sami) کی گورنرہاﺅس آمد پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے انھیں خوش آمدید کہا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے ڈیرن سیمی سے درخواست کی کہ وہ اپنی آمد کو تاریخی بنانے کے لئے گورنرہاﺅس میں پودالگائیں ، ڈیرن سیمی نے گورنرسندھ کی اس درخواست کو قبول

کرتے ہوئے گورنرہاﺅس میں پودا بھی لگایا ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی پی ایس ایل میں شرکت اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان با الخصوص کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال ہے یہاں بین الاقوامی کرکٹ واپس آنا شروع ہوگئی ہے۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ انھیں پاکستان باالخصوص کراچی آنے کی بے حد خوشی ہے اور اس سے قبل بھی وہ یہاں کا دورہ کرچکے ہیں یہاں کے لوگ مہمان نواز اور پیار کرنے والے ہیں ۔ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت سے وہ متاثر ہیں یہاں کے پکوان بھی بہت لذیز ہیں خاص طور پر بریانی ان کو بہت پسند ہے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ جیت جس کسی بھی ٹیم کی ہو آخرمیں کرکٹ کی اور پاکستان کی ہی جیت ہوگی ۔ انہو ں نے کہا کہ و ہ پر امید ہیں کہ اس بار بھی پشاور زلمی ہی پی ایس ایل کی فاتح ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ کرکٹ سے بے حد لگاﺅ رکھتے ہیں مقابلوں کے دوران ان کی بھرپور شرکت سے ان کے اس لگاﺅ کا واضح اظہار دیکھا جا سکتا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گذشتہ روز بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار کا دورہ بھی کیا تھا جہاں لوگوں نے مجھے دیکھ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔بعد ازاں ڈیرن سیمی نے گورنرہاﺅس میں موجود قائد اعظم محمد علی جناح ؒ سے وابستہ اشیاءبھی دیکھی انہوں کو بتایا گیا کہ پاکستان کے پہلے گورنرجنرل کی حیثیت سے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے اپنا حلف یہاں ہی اٹھایا تھا اور اس ہاﺅس کو گورنرجنرل ہاﺅس ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں