انڈر19 ورلڈکپ: انڈیا سیمی فائنل 10 وکٹوں سے جیت گیا

انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ انڈیا نے بغیر کسی نقصان کے پاکستان کی طرف سے دیا جانے والا 173 رنز کا ٹارگٹ پورا کر لیا۔
جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے میچ میں انڈیا نے بیٹنگ کا آغاز کافی محتاط انداز میں کیا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اوپنرز جارحانہ انداز اختیار دیکھے گئے۔ اوپننگ جسوال اور ڈی اے سیکسینا نے کی اور کسی بھی موقع پر میچ پر اپنی گرفت ڈھیلی نہیں پڑنے دی۔ دوسری جانب پاکستانی بولرز اپنی تمام تر کوشش کے باوجود بے بس نظر آئے۔
میچ سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم آغاز اچھا نہ ہو سکا تھا اور تیزی سے وکٹیں گرتی گئیں اور پوری ٹیم 172 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد ہریرہ چار رنز ہی بنا سکے، وہ سوشانت مشرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آنے والے فہد منیر 16 گیندیں کھیلنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد بلے بازوں نے کچھ احتیاط سے کھیلنا شروع کیا اور حیدر علی نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم فوراً بعد ہی آؤٹ ہو گئے، ان کے بعد روہیل نذیر،قاسم اکرم، محمد حارث، عرفان خان، عباس آفریدی، طاہر حسین اور عامر علی آتے گئے اور پویلین لوٹتے گئے۔
کم عمر کھلاڑیوں کی ایک روزہ کرکٹ کے عالمی ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیموں نے گروپ اور سپر لیگ مرحلوں میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کر کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ پاکستان دو مرتبہ جب کہ انڈین ٹیم چار مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ جیت چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں