پنڈی ٹیسٹ: قومی ٹیم کل سے پریکٹس شروع کرے گی

بنگلا دیش کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آج رپورٹ کریں گے، ٹیم کل سے پریکٹس کا آغاز کرے گی۔

پاکستان ٹیم منگل کو پہلے ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی، جبکہ مہمان ٹیم بدھ کی صبح کمرشل فلائٹ کے ذریعے اسلام آباد پہنچے گی۔

بنگلادیشی ٹیم کے ہیڈ کوچ رسل ڈومنگو کا کہنا ہے کہ میدان میں مثبت سوچ کے ساتھ اترنا ہو گا، حریف ٹیم کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں، البتہ انہوں نے ایک شکوہ بھی کیا کہ ٹیم کی آئیڈل تیاری نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سے پہلے ایک ٹور میچ اور دو پریکٹس سیشن کا ہونا آئیڈل ہوتا ہے لیکن پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سے پہلے ایسا کچھ نہیں، لیکن وہ اس میں کچھ نہیں کر سکتے۔

مہمان ٹیم پانچ اور چھ فروری کو پنڈی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 فروری تک کھیلا جائے گا۔

پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑیوں کا کیمپ لگایا جارہا ہے، جہاں چیف کوچ مصباح الحق سمیت دیگر کوچنگ اسٹاف کھلاڑیوں کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی مشقیں کروائے گا۔

بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ میں اظہر علی (کپتان)، اسد شفیق، بابر اعظم، بلال آصف، فہیم اشرف، فواد عالم، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل اور عمران خان سینئر شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں