کوشش ہے کہ وہ لائیو اسٹاک سیکٹر کو فروغ دیکر صوبے کی مجموعی معاشی حالت کو بہتر بنایا جا سکے

حیدرآباد: 03 فروری ( ہ آ )صوبائی وزیر لائیواسٹاک اینڈ فشریز انجینئر عبدالباری پتافی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے وژن اور رہنمائی کے مطابق لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کے شعبہ میں مزید بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 8 اور 9 فروری کو منعقد کی جانے والی لائیو اسٹاک ایکسپو ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سندھ لائیو اسٹاک ایکسپو 2020 ریلی کی قیادت کے بعدہٹڑی بائی پاس حیدرآباد کے قریب گراو ¿نڈ جہاں لائیو اسٹاک ایکسپو کا انعقاد کیا جائیگا کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو 2020میں زیادہ توجہ کارپوریٹ سیکٹر ، تکنیکی حل ، کاشتکاروں / کسانوں ، سرمایہ کاروں ، سندھ کی اکیڈمیہ اور دیگر کو سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے جبکہ ا یکسپو میں لائیو اسٹاک بزنس سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز کو بھی ساتھ شامل کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو کے ذریعے سندھ حکومت قومی اور بین الاقوامی سطح پر لائیو اسٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پید اکرنے کے ساتھ ساتھ لائیو اسٹاک سیکٹر کی پروموشن کے حوالے سے سندھ حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ وہ لائیو اسٹاک سیکٹر کو فروغ دیکر صوبے کی مجموعی معاشی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خصوصاََ ملک کے دیگر صوبوں کے لائیو اسٹاک مالکان اور فارمرز کو دعوت دی جاتی ہے کہ و ہ سندھ کی لائیو اسٹاک ایکسپو میں شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت لائیو اسٹاک کے حوالے جلد ایک نئی پالیسی بنانے جا رہی ہے جس میںلائیو اسٹاک ایکسپو 2020 ایک اہم کردار ادا کرےگی۔انہوں نے بتایا کہ اس نمائش میں نہ صرف اعلیٰ نسل کے جانوروں کی نمائش کی جائے گی بلکہ جانوروں کے مسائل خصوصاََ ان کی ویکسینیشن اور بیماریوں کے بارے میں لیکچر کے ذریعے آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا اصل مقصد صوبے کے مقامی لائیو اسٹاک کو مارکیٹ اورینٹل بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو کے ذریعے لائیو اسٹاک سے تعلق رکھنے والے مختلف ماہرین تک رسائی ممکن بنائی جائیگی۔انہوں نے بتایا ہے کہ لائیو اسٹاک کی افزائش کو 8فیصد تک بڑھانا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لائیو اسٹاک کی جتنی بھی بریڈز ہیں وہ سب نمائش میں موجود ہوں گی جبکہ لائیو اسٹاک سے متعلق دیگر اداروں کو ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ، جس میں بھینسیں ، بکری ، بکرے ، بھیڑیں ، گائیں ، اونٹ سمیت مختلف جانور لائے جائیں گے ۔ ایکسپو میں ریسرچرزکو بھی مدعو کیا گیا ہے اور بیرون ملک سے بھی کچھ ریسرچرز شرکت کریں گے ۔ایکسپو میں مختلف کمپنیوں کی پروڈکٹس اور فشریز کے حوالے سے بھی اسٹالز لگائے جائیں گے اور گھوڑو کی ریس ، برڈ شو اور کیٹل شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ بچوں کے لیے پلے ایریا بھی بنایا جائے گا تاکہ وہ بھی تفریح کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو 2020 ایک منفرد میلہ ہو گا جہاں ایک ہی جگہ پر عوام کو کئی چیزیں اکھٹی ملیں گی ۔
انہوں نے بتایا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو 2020 کے انعقاد کے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی دھرتی ہر لحاظ سے مالامال دھرتی ہے اور یہاں اعلیٰ اور نایاب نسل کے مویشی پائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی جی ڈی پی (GDP ) میں سندھ کے لائیو اسٹاک اور فشریز کا ایک بڑا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے لائیو اسٹاک ایکسپو میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ وہ اس نمائش کو ہر لحاظ سے کامیاب ترین بنائےں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز عبد الباری پتافی نے لائیو اسٹاک ایکسپو 2020کے سلسلے میں ایک آگاہی ریلی کی قیادت کی ریلی ڈی جی لائیو اسٹاک حیدرآباد کے دفتر سے شروع ہو کر لطیف آباد ، فتح چوک ، قاسم آباد اور حیدرچوک سے گذرتی ہوئی ہٹڑی بائی پاس پر اختتام پذیر ہوئی جہاں صوبائی وزیر نے لائیو اسٹاک ایکسپو کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ ہ۔ آ نمبر ( غ م ش)

اپنا تبصرہ بھیجیں