سندھ حکومت اور یو ایس ایڈ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی موجودگی میں جیکب آباد شہر میں پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کے نظام پی آئی ایل ۔11 کی بہتری اور بحالی کے لیے 40 ملین ڈالرز کے ایک منصوبے پر عملدرآمد کے لیے دستخط

کراچی (3 فروری 2020) سندھ حکومت اور یو ایس ایڈ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی موجودگی میں جیکب آباد شہر میں پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کے نظام پی آئی ایل ۔11 کی بہتری اور بحالی کے لیے 40 ملین ڈالرز کے ایک منصوبے پر عملدرآمد کے لیے دستخط کیے گئے۔ویسٹ واٹر سسٹم پر معاہدہ پر دستخط سے قبل ہی کام شروع ہوچکاہے۔پی آئی ایل ۔11 کے لیے یو ایس ایڈ نے 22 ملین ڈالرز کی گرانٹ فراہم کی ہے جس کے تحت جیکب آباد کے لیے پانی کی فراہمی کی اسکیم تعمیر کی گئی ہے جس سے جیکب آباد کے تین لاکھ پچاس ہزار رہائشیوں کو 14.5 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاسکے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں جیکب آباد کے لوگوں کے لیے پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کا منصوبہ دینے پر یو ایس ایڈ کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ جیکب آباد کے لوگوں کے پاس صحت کا ادارہ (جے آئی ایم ایس) ،پانی کی فراہمی کی اسکیم تھی اور اب انہیں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اسکیم دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت اور جیکب آباد کے لوگوں کے لیے ایک بہت بڑا دن ہے ۔قاضی مصطفیٰ جمال نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پروجیکٹ کے تحت یو ایس ایڈ نے 88 ریفیوز وہیکلز ، کچرا اٹھانے والی ٹرالیز اور دیگر مشنری فراہم کی ہے جنہیں بہت جلد تقسیم کردیاجائے گا۔ ویسٹ واٹر اسکیم میں شامل تمام تیسرے درجے کے نالے،بحالی،بشمول ویسٹ واٹر کی ٹریٹمنٹ شامل ہیں ۔ معاہدے پر یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کونن اور سندھ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین محمد وسیم نے جیکب آباد کے نکاسی آب کے نظام کی بحالی اور بہتری کے لیے 40 ملین ڈالرز کے منصوبے پر عملدرآمد کرنے کے لیے معاہدے پر دستخط کیے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 27 مارچ کو جیکب آباد شہر میں ایک سادہ تقریب میں پانی کی فراہمی کی اسکیم کاافتتاح کیا جائے گا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 2000 پانی کی فراہمی کے کنیکشن نصب کیے گئے ہیں جس سے شہر کے ساڑھے تین لاکھ سے زائد لوگ پینے کے صاف پانی کی سہولت سے مستفیض ہوں گے۔ تقریب میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، صوبائی وزیربلدیات سید ناصر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیروں مرتضیٰ وہاب ، ممتاز جھکرانی،امریکا کے قائم مقام قونصل جنرل جیک ہلمیئر ،یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر کلے ایپر سن، پروگرام منیجر قاضی مصظفیٰ جمال، ڈپٹی کمشنر جیکب آباد و دیگر نے شرکت کی ۔
عبدالرشید چنا
میڈیاکنسلٹنٹ، وزیراعلیٰ سندھ

اپنا تبصرہ بھیجیں