وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرملائیشیا روانہ

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات 4 فروری کو ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی اپنے ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی جبکہ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات اورتجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی تفصیلی بات چیت ہوگی۔علاوہ ازیں وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے، ا ور علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرات کو کم کرنے کی اہمیت پر زور دیں گے۔کابینہ کے ارکان اور سینئر حکام سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدگی کے باعث وزیراعظم عمران خان نے دورہ ملائیشیا کے لیے بھارت کے بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک ملایئشیا کا یہ دوسرا دورہ ہے ،اس سے قبل گزشتہ برس 20 نومبر کو انہوں نے ملائیشیا کا دورہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں