بلدیہ شرقی کے چائنیز انچارج مسٹر لی کے ملازمین سے ناروا سلوک کا نوٹس لیا جائے۔ ملازمین کو بمشکل کنٹرول کیا گیا ہے، ایم ڈی سولڈویسٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

میونسپل ورکرز ٹریڈ یونین الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ، جنرل سیکریٹری ملک نواز نے کہا ہے کہ بلدیہ شرقی کے چائنیز انچارج مسٹر لی سولڈ ویسٹ اسٹاف سے ہتک آمیز رویہ اختیار کرکے ملازمین کی روزانہ بے عزتی کررہے ہیں جس سے ملازمین میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے۔ الائنس کی قیادت کے کنٹرول کرنے پر ملازمین کوئی بھی ایکشن لینے سے قاصر ہیں۔ مسٹر لی کی شکایت ڈائریکٹر آپریشن ایسٹ طارق نظامانی اور چائنیز کمپنی اہلکار عزیز حسین کو کردی گئی ہے لیکن اس کے باوجود مسٹر لی کے روئیے میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ وہ جان بوجھ کر اب ملازمین کو تنگ کررہے ہیں۔ ڈی ایم سی ایسٹ کی مشینری مرمت نہ کرکے اسے ناکارہ کیا جارہا ہے۔ 100 سے زائد مشینری کی جگہ صرف 13 گاڑیاں استعمال کی جارہی ہیں۔ لائنز ایریا یوسی نمبر 9 میں گزشتہ چار روز سے کوئی مشینری نہیں بھیجی جارہی ہے۔ معمولی خرابی والی گاڑیوں اور ٹائر، ٹیوب، بیٹریوں کی فراہمی نہ ہونے پر بھی گاڑیاں کھڑی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے ایم ڈی سولڈ ویسٹ سے مسٹر لی کے توہین آمیز رویئے اور گاڑیوں کی مرمت کا بندوبست نہ کرکے گاڑیاں ناکارہ کرنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں