گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جی ڈی اے رہنما پیر صاحب پگارا کی دعوت پر ان کے گھر شرکت

گیس ، بجلی ، پانی ، وفاقی فنڈنگ سے جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
سندھ کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دینگے ، کوئی ناراض نہیں ، جی ڈی اے حکومت کی مضبوط اتحادی ہے ۔ گورنرسندھ
کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (GDA) کے رہنما پیر صاحب پگاراکی دعوت پر ان کی رہائش گاہ کنگری ہاﺅس گئے جہاں انہوں نے جی ڈی اے کے رہنماﺅں سے ملاقات میں جاری صورتحال ،گیس ، بجلی ، پانی ، وفاقی فنڈنگ سے جاری اور نئے ڈیزائن کردہ ترقیاتی منصوبوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی ، حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زماں ، جمال صدیقی سمیت علی جونیجو اور اشرف قریشی بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سندھ کی محبت میں این ایف سی ایوارڈ کے علاوہ بھی خطیر رقم خرچ کررہے ہیں ،تھر میں آر او پلانٹ ، ہیلتھ کارڈز اور دیگر منصوبوں سے سندھ کے عوام کو سہولیات فراہم کی جارہی ہے جبکہ شہر کی ترقی کے لئے بھی میگا پروجیکٹس آخری مراحل میں ہیں اور نئے منصوبے ڈیزائن کئے جارہے ہیں جن کی تکمیل سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیا ت حاصل ہونگی ۔
 


انہوں نے کہا کہ سندھ کے حق کے لئے ہم کھڑے ہیں اور سندھ کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دینگے ، ہماری کوشش ہوگی کہ وفاق جو سندھ کے لئے پیکج بنارہا ہے اس سے پورے صوبہ کے لوگوں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ کسی کو راضی کرنے نہیں آیا کھانے کی دعوت ملی تھی ویسے بھی یہ میرا اپنا گھر ہے جہاں مجھے ہمیشہ بہت پیار ملتا ہے یہ مہمان نواز لوگ ہیں میرا ان سے دل کا رشتہ ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ کی تقسیم حکمران جماعت کے منشور میں نہیں ہے سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت عوامی امنگوں پر پورا اترے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محدود فنڈز اور وسائل کے باوجود وفاقی حکومت نے سندھ کی ترقی کے لئے سب سے زیادہ فنڈز رکھے ہیں اور سندھ کے عوام کا دکھ دیکھتے ہوئے وزیر اعظم بھرپو ر اقدامات یقینی بنارہے ہیں۔ وزیراعظم جلد صوبہ سندھ کے دورہ کے لئے آئیں گے فی الحال ان کے شیڈول کا علم نہیں ہم نے ان سے 7 فروری کی تاریخ مانگی تاکہ شہر کے تکمیل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح ان سے کرایا جا سکے ،شہر میں وفاقی فنڈنگ سے دو شاہراہ، اور انڈر پاس ، فلائی اوورز سمیت دیگر منصوبے جلد مکمل ہوجائیں گے ان منصوبوں سے عام زندگی پر مثبت اثر پڑے گا۔ جی ڈی اے کے رہنما پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ خواہشات پر رکاوٹ نہیں ہوتی، سندھ کا بٹوارا کسی صورت نہیں ہوگا ، کراچی صوبہ کا دارالحکومت ہے اور حکومت کو جی ڈی اے کی مکمل حمایت حاصل ہے۔