وزیر بلدیات سندھ کی جانب سے سال نو کے موقع پر اہلیان وطن کو مبارکباد، ملکی ترقی، استحکام پائیدار امن کیلئے دعا اور عزم

کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے قوم کو سال نو کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور پائیدار و دیرپا امن کیلئے دعا کی ہے۔ انھوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ نئے سال کے موقع پر پوری قوم کو اپنے ملک سے تجدید عہد وفا کرنا چاہئے اور قائداعظم کے فرمان کے مطابق اتحاد، ایمان اور نظم وضبط قائم کرکے اپنے پیارے وطن کو ترقی دے سکتے ہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ہم سب کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ملک کی ترقی کا راز قائداعظم کے رہنما اصولوں میں ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں سندھ میں جتنے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا گیا اور جتنے عوامی فلاح اور بہبود کے لئے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ۔

اس کی مثال ملک کی کسی بھی صوبے میں نہیں ملتی۔ سال 2019 صوبہ سندھ کی ترقی، امن اور استحکام کا سال تھا۔ 171 سے زائد ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور 2020 میں تمام منصوبوں کو مکمل کرکے عوام کو خوشخبری دیں گے۔ اور نئے سال میں عوام کی فلاح و بہبود اور ریلیف کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔ قوم کے ساتھ ساتھ نئے سال کے موقع پر میں وزیراعلیٰ سندھ کو بھی مبارکباد پیش کروں گا جنھوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کےلیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیئے۔ ملک کے تمام وزراء اعلیٰ کے مقابلے میں وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کیلئے دفاعی، فلاحی اور ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات کئے اسکے لئے میں انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
پاکستان زندہ باد۔ پاکستان پائندہ باد