لوگوں کو حراساں نہ کریں اور انہیں پرامن طریقے سے نئے سال کو خوش آمدید کرنے دیں، ڈبل سواری پر عائد پابندی اٹھانے کی ہدایت : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

کراچی  :وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ کی عوام کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے شہر میں ڈبل سواری پر عائد پابندی اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ لوگوں کو حراساں نہ کریں اور انہیں پرامن طریقے سے نئے سال کو خوش آمدید کرنے دیں۔ محکمہ داخلہ نے نئے سال کی شب پر ڈبل سواری، ہتھار اٹھانے اور ہوائی فائرنگ کرنے پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر محکمہ داخلہ نے ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔ انتظامیہ اور پولیس نے سی ویو پر جانے والی متعدد اہم سڑکوں کو کنٹینرز لگاکر بند کردیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ کنٹرینرز کو ہٹادیں اور سڑکوں کو ٹریفک کے رواں بہاؤ کے لیے کھول دیا جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے ہدایت کی کہ وہ چند سڑکوں کو ون وے ڈکلیئر کرکے ٹریفک کے انتظام کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ وہ کسی بھی شخص کو حراساں نہ کرے اور نیا سال نئی امیدوں ،پرامن اور روایتی ہلہ گلہ کے ساتھ منانے دیا جائے۔ اسکے ساتھ وزیراعلیٰ سندھ نے شہر کے لوگوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ غیر ذمہ دارانہ رویہ نہ اپنائیں کہ قانون کو انکے خلاف حرکت میں آنا پڑے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی خوشحالی قومی یکجہتی اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے دعائیں کریں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اس سرزمین پر ایک نہایت خوبصورت ملک ہے اور ہم سب نے اسے ایک جنت کی طرح بنانا ہے۔ 
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے تھرکول انرجی بورڈ کے حوالے سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کی اور تھر میں سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ تھر ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو ختم کرے گا۔