حسن علی کا اسکین جنوری کے دوسرے ہفتے میں ہوگا

پاکستان کے مایۂ ناز فاسٹ بولر حسن علی کا اسکین جنوری کے دوسرے ہفتے میں ہوگا، اسکین کے بعد حسن علی کی مکمل فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔

پسلیوں کی تکلیف کے شکار حسن علی ان دنوں ری ہیب پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی کا ری ہیب پروگرام بھرپور انداز میں جاری ہے، حسن علی نے دو روز کی چھٹی لی تھی یکم جنوری سے دوبارہ ٹریننگ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی کا ری ہیب پروگرام 12 جنوری کو مکمل ہوگا، جس کے بعد دوبارہ اسکین ہوگا۔

حسن علی کو پسلیوں کے ہیئر لائن فریکچر کے بعد چھ ہفتے کا ری ہیب پروگرام دیا گیا تھا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی کا ری ہیب پروگرام بڑا شاندار رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کو نومبر کے آخر میں پسلیوں میں فریکچر کی تشخیص ہوئی تھی، فاسٹ بولر کی آٹھویں اور نویں پسلی میں فریکچر ہوا تھا۔

اس سے قبل حسن علی نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد قائداعظم ٹرافی کے نویں راؤنڈ میں شرکت کے لیے 22 نومبر کو سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو دوبارہ جوائن کیاتھا تاہم میچ سے قبل حسن علی نے درد کی شکایت کی تھی۔

کراچی میں ابتدائی اسکین میں فاسٹ بولر کی پسلیوں میں فریکچر کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد لاہور میں اسکینز کے بعد فریکچرکی تصدیق ہوگئی تھی۔

حسن علی ان فٹ ہونے کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے بھی باہر ہوگئے تھے۔