ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام نومنتخب الومنائی عہدے داران کی تقریب حلف برداری

ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام نومنتخب الومنائی عہدے داران کی تقریب حلف برداری،شاہین پینل کے صرم دستگیر واضح اکثریت سے کامیاب، مخالف پینل کے صدارتی امیدوار حنان اخترکا انتخابی نتائج کھلے دل سے تسلیم کرنے کا اعلان، وائس چانسلر فائز امیر کی نومنتخب کابینہ اراکین کو مبارکباد
اسلام آباد( 29دسمبر 2019ء): ایئریونیورسٹی کے وائس چانسلر اے وی ایم (ر)فائز امیر نے کہا ہے کہ قابل طلباء و طالبات کسی بھی تعلیمی ادارے کا کل سرمایہ ہوتے ہیں، ایئر یونیورسٹی کو اپنے ان تمام گریجوئٹس پر فخر ہے جو قومی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کاا ظہار ایئرالومنائی ہوم کمنگ ری یونین کی تقریب کے موقع پر کیا، رواں برس کی سالانہ تقریب کی نمایاں خصوصیت ایئر الومنائی نیٹ ورک کی نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں حلف برداری کا اہتمام تھا۔ ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور چیئرمین ایئرالومنائی نیٹ ورک فائز امیر نے نومنتخب عہدے داران کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایئرالومنائی نیٹ ورک کے قیام کا بنیادی مقصد فارغ التحصیل طلبا و طالبات کے مابین نالج شیئرنگ، پروفیشنل نیٹ ورکنگ اور کیریئر بلڈنگ کیلئے بہترین مواقع تلاش کرنا ہے،ایئر یونیورسٹی اور انڈسٹری سے مستحکم پیشہ ورانہ روابط کا فروغ بھی ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے نومنتخب کابینہ اراکین کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کیلئے فرض شناسی اور ایمانداری سے جدوجہد کرنے کی بھی تلقین کی۔تفصیلات کے مطابق اسٹوڈنٹس افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام الومنائی الیکشن میں شاہین پینل کے محمد صرم دستگیر واضح اکثریت سے صدر کا الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے خطاب میں تمام الومنائی کو ایک ساتھ لیکر چلنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا،دوسری طرف مخالف پینل کے صدارتی امیدوار حنان اختر نے اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پینل کی جانب سے فاتح امیدواران کو کھلے دل سے مبارکباد پیش کی ہے۔سیکرٹری الیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ انتخابی نتائج کے مطابق دیگر فاتح امیدواران میں جنید ضمیر ملک، حسان صفدر ملک، عروج رانا، محمد حمزہ، مدیحہ خان، سرمد لودھی اور عبدلاحد شامل ہیں جبکہ نومنتخب کابینہ یکم جنوری سے چارج سنبھال لے گی۔ ایئر یونیورسٹی کی سالانہ الومنائی تقریب کے موقع پر گیمنگ شو،لکی ڈرا،سکائی لینٹرن،موسیقی اور دیگر سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے شرکاء کی کثیر تعداد خوب محظوظ ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں