جن لوگوں نے کئی دہائیاں اقتدار میں رہ کرلوٹ مارکی احتساب بھی انہی کا ہونا ہے، ہمایوں اخترخان

 تحریک انصاف پانچ سالہ دور کا ضرور حساب دیگی ،اپوزیشن کو ہماری کرپشن ڈھونڈنے میں سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملے گا
لاہور(                        )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماوسابق وفاقی وزیر ہمایوںاخترخان نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے کئی دہائیاں اقتدار میں رہ کرلوٹ مارکی ہے احتساب بھی انہی کا ہوناہے ، تحریک انصاف اپنے پانچ سالہ دور کا ضرور حساب دے گی اور اپوزیشن کو ہماری کرپشن ڈھونڈنے میں سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملے گا ،موجودہ حکومت نے سابقہ حکمرانوں کااربوں روپے کا قرض واپس کیا ہے لیکن اپوزیش اسے عوام کے سامنے بیان نہیں کرتی ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی سیاست کو آگے بڑھانے کی جدوجہد کرنے والے یاد رکھیں کہ وہ کرپشن کے بوجھ کے ساتھ ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھ سکیں گے ۔پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ کی قیادت کہاں سے پروان چڑھی تاریخ پر نظر رکھنے والوں کو اچھی طرح معلوم ہے اس لئے دونوں جماعتیں وزیر اعظم عمران خان کو ایسا کوئی طعنہ نہیں دی سکتیں۔

حکومت ملک کے مسائل کے حل کیلئے قومی اداروں سے ہم آہنگی کیلئے کوشاں ہے اور ہم نے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرایا ہے اورآج ہمارے تمام ممالک سے اچھے اور بہترین تعلقات ہیں ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ یہ واویلا مضحکہ خیز ہے کہ صرف اپوزیشن کا احتساب کیا جارہا ہے ، اس ملک میں گزشتہ کئی دہائیوں سے کون سی جماعتیں بر سر اقتدار رہی ہیں ، جن جماعتوں کی قیادت اور حواریوں نے اقتدار کے نام پر لوٹ مار کی ہے انہی سے احتساب ہونا ہے۔ تحریک انصاف وفاق میں پہلی بار حکومت کر رہی ہے اور ہم اپنے پانچ سالہ دور کا ضرور حساب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو نیب کے دائرہ کار سے باہر لانے کیلئے آرڈیننس کا اجراء خوش آئند ہے اور اس سے سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو ہوگا۔ تاجروں اور دیگر شعبوں کیلئے ایف بی آر ، اسٹیٹ بینک اور دیگر ادارے موجود ہیں اور وہ کارروائی کریں گے۔ ہمایوں اختر نے ہماری پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کر رہے ہیں لیکن اپوزیشن میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہے ۔ سال 2020ء ترقی کی رفتار تیز ہونے اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی آنے کا سال ہے ۔