بلاول زرداری عوام کی جانب سے پذیرائی نہ ملنے پر مایوس ہوچکے ہیں، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ

درست کہتے ہیں ملک میں کرپشن کرنے والوں کیلئے بحران ہی بحران ہے اور یہ مزید شدید ہوگا ‘ مسرت چیمہ
لاہور : چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بلاول زرداری عوام کی جانب سے پذیرائی نہ ملنے پر مایو س ہو چکے ہیں ،وہ درست کہتے ہیں کہ ملک میں کرپشن کرنے والوں کیلئے بحران ہی بحران ہے اور یہ مزید شدید ہوگا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گھمبیر چیلنجز سے نبرد آزما ہو کر نام نہاد تجربہ کار سابقہ حکمرانوں کو چاروں شانے چت کر دیا ہے اس لئے ان کے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف نے شفافیت کا بول بالا کر کے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے سیاست کو مشکل بنادیا ہے ۔ کرپشن اور ذاتی مفادات کے بیانیے کو کوئی پذیرائی نہیں ملے گی ۔ اب کرپشن کے طوق کے ساتھ سیاست کرنے والوں کو اپنی سمت درست کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان درست میں گامزن ہے البتہ کرپشن میں سرمایہ کاری کرنے والے ضرور بحران کا شکارہیں اور انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کا کاروبار مزید بحران سے دوچار ہوگا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک بھی تجویز پیش نہیں کرتی اور صرف چھوڑ دو باہر جانے دو کا ورد کیا جاتاہے ۔