چوری کے مینڈیٹ والے حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی آگ میں جلا دیا ہے، پرویز ملک

 حکمرانوں کی نالائقیوں کیوجہ سے امن و امان کی صورت حال کیساتھ ملکی معیشت کا بھی برا حال ہے،خواجہ عمران
لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن لاہورکے صدرو رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری لاہور خواجہ عمران نذیر ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ عوام کا سلیکٹڈ عمران نیازی کی حکومت سے اعتماد اٹھ گیا ہے،عالمی دہشت گرد مودی سے نجات تک پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے، چوری کے مینڈیٹ والے حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی آگ میں جلا دیا ہے صرف16ماہ میں حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی،نالائقوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کو سانس ہی نہیں لینے دیا،نہ ہی حکمرانوں کو بھیک مانگنے سے فرصت ملی،اناڑی ہیں حکومت نہیں چل رہی ان سے انتقامی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں ہو پا رہا،کنٹینر پر کھڑے ہو عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو کنٹینر کے نیچے  ہی دبا دیا ہے۔

حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقیوں کی وجہ سے امن و امان کی صورت حال کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا بھی برا حال ہے۔ان خیالات کا اظہارگذشتہ روزانہوں نے پارٹی آفس میں ارکان اسمبلی رہنماؤں وکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،غزالی سلیم بٹ،کرنل مبشر جاوید، میاں سلیم،عبدالمجید چن نمبردار، سمیر امجد اور ثمرہ نذیر سمیت دیر بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتساب سے نہیں گھبراتے، الزام لگائیں لیکن ثبوت عوام کے سامنے رکھیں، مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ اس لئے بنایا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹا سکیں لیکن ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اب نیازی حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، اس لئے وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، اب گلی گلی محلے محلے میں احتجاج شرو ع ہوں گے،دمادم مست قلندرہوگا،یہ حکومت اب چند ماہ کی مہمان ہے۔