شیخ ، سبزواری فیملی کا مزاحیہ رقص

شوبز کی مشہور و معروف شیخ اور سبزواری فیملی کی بالی ووڈ کے گانے پر مزاحیہ ڈانس ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکار شہروز سبزواری نے والد بہروز سبزواری، ماموں جاوید شیخ، سلیم شیخ ، کزن شہزاد شیخ اور دیگر کے ساتھ گھر کے ڈرائنگ روم میں بنائی جانے والی ایک زبردست ویڈیو شیئر کی
ویڈیو میں شیخ اور بہروز فیملی کے مرد حضرات کی ہم آہنگی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

ویڈیو میں یہ نوجوان اداکار اپنے بڑوں کے ہمراہ بالی ووڈ کے گانے ’بالا‘ پر مزاحیہ رقص کرتے نظر آئے جبکہ شہروز سبزواری نےسب کو ’بالا بوائز‘ کا نام بھی دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نوجوانوں کا ڈانس اپنی جگہ لیکن اپنے وقت میں لوہا منوانے والے جاوید شیخ اور بہروز سبزواری کے ڈانس سے آپ نظریں نہیں ہٹا سکتے۔

ویڈیو میں سب سے زیادہ توجہ بہروز سبزواری نے حاصل کی جو رقص کرتے اپنے ارد گرد سے بھی بے خبر رہے۔

یاد رہے کہ جاوید شیخ کے علاوہ ان کے بھائی سلیم شیخ کا تعلق فلم انڈسٹری سے ہے، ان کی بہن سفینہ کے خاوند معروف اداکار بہروز سبزواری ہیں جن کے بیٹے شہروز سبزواری نے بھی اداکاری کو ہی منتخب کیا۔

شہروز کی اہلیہ اداکارہ سائرہ شہروز ہیں۔ جاوید شیخ کی اہلیہ بھی شوبز میں کام کرچکی ہیں جبکہ ان کے دونوں بچے شہزاد شیخ اور مومل بھی اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں