بھارت محفوظ ملک نہیں، آئی سی سی ٹیموں کو دورے سے روکے، جاوید میاندار

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین جاوید میانداد نے کہا ہے کہ بھارت محفوظ ملک نہیں ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیموں کو وہاں کے دورے سے روکے۔

جاوید میانداد نے بھارتی حکومت کے متنازع شہریت ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ آئی سی سی بھارت کے ساتھ تمام تعلقات منقطع کرے۔

یہ بھی پڑھیے: متنازع قانون کیخلاف احتجاج، نئی دلی میں خواتین کا دھرنا

انٹرنیٹ پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ بھارت میں جو کچھ ہورہا ہے لوگوں کو اس کا نوٹس لینا چاہئے، میں آئی سی سی پر زور دیتا ہوں کہ اُن کا بائیکاٹ کرے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان نہیں بلکہ بھارت کسی بھی سیاح یا شخص کے لیے غیر محفوظ ملک ہے، بحیثیت ایک انسان، اسپورٹس پرسن ہمیں اس کی مذمت کرنا چاہئے۔

جاوید میانداد کا مزید کہنا ہےکہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ وہاں کیا ہورہا ہے، میں کہتا ہوں کہ بھارت کے ساتھ ہر قسم کے کھیلوں کے تعلقات معطل کیے جائیں اور تمام ملکوں کو اُس کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت میں بھی مودی کو ہٹلر سے تشبیہ دی جانے لگی

واضح رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے متنازع شہریت کے قانون کی منظوری کے بعد بھارت بھر میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں، جس کے دوران دو درجن سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں