بی پی ایل: ڈیوڈ ملان کی سنچری رائیگاں، کومیلا وارئیرز کو شکست

بنگلادیش پریمیئر لیگ میں راج شاہی رائلز نے کومیلا وارئیرز کو سات وکٹ سے ہرا دیا، ڈیوڈ ملان کی سنچری رائیگاں گئی، ایک اور میچ میں ڈھاکا پلوٹون نےسلہٹ تھنڈرز کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔

ایونٹ کے تمام میچز جیو سُوپر براہ راست نشر کر رہا ہے۔

چٹو گرام میں سلہٹ تھنڈرز نے 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 174 رنزبنائے، جانسن چارلس نے صرف 45 گیندوں پر 73 رنز بنائے تو محمد متھن 49 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، متھن کی اننگز میں چار چھکے بھی شامل تھے، ردرفورڈ 38 رنز بنا سکے۔

ڈھاکا پلوٹون کے شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں تمیم اقبال نے شاندار بیٹنگ کی اور 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ڈھاکا پلوٹون کو فتح دلا دی ، مین آف دی میچ مہدی حسن نے 28 گیندوں پر 56رنز بنائے۔

ایک اور میچ میں راج شاہی رائلز نے کومیلا وارئیرز کو سات وکٹ سے ہرا دیا، واریئرز کے ڈیوڈ ملان کی شاندار سنچری رائیگاں گئی۔

وارئیرز نے آٹھ وکٹ پر 170رنز بنائے، ملان نے صرف 54 گیندوں پر 100 رنز بنائے، سومیا سرکار نے 20 رنز کی اننگز کھیلی،

آندرے رسل اور محمد عرفان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں عفیف حسین اور لٹن داس نے راج شاہی کو شاندار آغاز فراہم کیا، لٹن نے 27 رنز بنائے، عفیف نے 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

ان کے بعد روی بوپارہ اور آندرے رسل نے کام تمام کر دیا اور راج شاہی کو اٹھارویں اوور میں سات وکٹ سے فاتح بنا دیا