معیشت مضبوط ہونے سے اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں : چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ

برادر اسلامی ملک کے حوالے سے بے بنیاد پراپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، مسرت چیمہ کی میڈیا سے گفتگو
لاہور : چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ 70سالوں کا بیگاڑ ڈیڑھ سال میں درست نہیں ہو سکتا ،حکومت کے غیر معمولی اقدامات کی وجہ سے معیشت کوتقویت ملی ہے اور پاکستان آگے بڑھ رہا ہے لیکن اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود او را ن کے مسائل حل کیلئے قانون سازی پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور دوسری جانب اپوزیشن کی ایوان میں کارکردگی سب کے سامنے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا اسی وجہ سے نوحے اور مرثیے پڑھنے کی نوبت آئی ۔ دونوں جماعتیں اب عوام کومزید بیوقوف نہیں بنا سکتیں ان کا کچہ چٹھہ کھل کر سامنے آ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کو کرپشن کے الزام میں احتساب کے خود مختار اد ارے نے حراست میں لیا ہے اس عمل کا حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں۔ اپوزیشن حکومت کے لئے نہیں بلکہ اپنی سیاست کیلئے خطرہ ہے اس لئے ہمیں گرفتاریوں کے ہتھکنڈے آزمانے کی ضرورت نہیں ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ برادر اسلامی ملک کے حوالے سے بے بنیاد پراپیگنڈا کرنے والوںکو شرم آنی چاہیے ۔ اس ملک نے ہمیشہ کڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے لیکن اپوزیشن اپنے ذاتی ایجنڈے کیلئے گھٹیا الزام تراشی سے بھی گریز نہیں کرتی جو قابل مذمت ہے۔