ملک کی تعمیر و ترقی میں کرسچن کمیونٹی کا اہم کردار ہے، تعلیمی میدان میں بھی ان کی گرانقدر خدمات ہیں، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی کرسمس کے موقع پر تمام مسیحی برادری کو مبارکباد

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو ہر قسم کے مکمل حقوق حاصل ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بھی یہی وژن ہے، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ
کراچی  : وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کرسچن کمیونٹی کا اہم کردار ہے جبکہ تعلیمی میدان میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے ان کی گرانقدر خدمات ہیں۔ کرسمس کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ سیکریٹرٹی بلدیات سندھ روشن علی شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو ہر قسم کے مکمل حقوق حاصل ہیں جبکہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا بھی یہی وژن ہے۔ ان کی خاص ہدایات ہیں کہ اقلیتی برادری کا خاص خیال رکھا جائے،

اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیئے جائیں۔ چیئرمین صاحب کی ہدایت پر ناصرف پارٹی میں بلکہ حکومتی عہدوں میں بھی اقلیتی برادری کو خصوصی نمائندگی اور اہم ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ 25 دسمبر کو  کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو اپنا تہوار بھرپور طریقے سے منانے کے سلسلے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر سندھ بھر میں گرجا گھروں اور دیگر مذہبی مقامات پر سیکیورٹی اور بلدیاتی امور کے حوالوں سے غیر معمولی اقدامات کیئے گئے ہیں جبکہ
K الیکٹرک کو حکومت کی جانب سے خصوصی ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ کرسمس کے موقع پر بجلی کے مسلسل ترسیل کو یقینی بنائے اور مسیحی برادری کے تمام عبادت گاہوں پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ کے ایم سی، ڈی ایم سیز سمیت تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ کرسمس کے موقع پر تمام ترگرجا گھروں کے گرد روشنی، صفائی، سیوریج، پانی کی فراہمی سمیت تمام بلدیاتی امور کے حوالے سے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔