وہ تینوں بلڈنگز خرید چکا ہوں جہاں والد بطور بیرا کام کیا کرتے تھے، سنیل شیٹی کا انکشاف

بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سنیل شیٹی المعروف ’انا‘ نے انکشاف کیا ہے کہ آج وہ اُن تینوں بلڈنگز کے مالک ہیں جہاں اُن کے والد بطور ویٹر کام کیا کرتے تھے۔

سنیل شیٹی نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ منگلور میں موجود میں اُن تینوں عمارتوں کو خرید چکا ہوں جہاں کبھی میرے والد نوکری کرتے تھے۔

یاد رہے کہ سنیل شیٹی کے والد ویرپا شیٹی کا 2017ء میں 93 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔

بھارتی میڈیا ’دی پریس جرنل‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکار نے ان تینوں عمارتوں کو خرید لیا ہے جہاں کبھی ساؤتھ انڈین رسٹورانٹس ہوا کرتے تھے اور آج وہاں ملٹی اسٹوری بلڈنگیں تعمیر کر دی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل شیٹی نے ان کمرشل عمارتوں کو اس لیے خریدا ہے کبھی ان عمارتوں میں اداکار کے والد 9 سال کی عمر میں بطور بیرا کام کیا کرتے تھے اور میزیں صاف کرتے تھے۔

اداکار نے حال میں بھارتی معروف کامیڈین بھارتی سنگھ اور اِن کے شوہر ہرش لمباچیا کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی۔

اس دوران انہوں نے انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ میرے والد ویٹر کی سخت نوکری کرتے کرتے منیجر کی پوسٹ تک پہنچ گئے تھے، اس کے بعد روزگار کی تلاش میں میرے والد نے ممبئی کا رخ کیا اور اپنا کیٹرنگ کا بزنس کھول لیا۔

سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ میرے والد کا کوئی بھائی نہیں بلکہ صرف تین بہنیں تھیں، والد نے بہت سخت زندگی گزاری تھی، وہ دن بھر کام کرتے اور رات فرش پر ایک بوری بچھا کر سو جایا کرتے تھے، والد نے جب ممبئی کا رُخ کیا تو اُن کے ساتھ صرف تین بہنیں یہاں آئی تھیں۔

سنیل شیٹی نے انکشاف کیا کہ میں نے بھی والد کی طرح کئی برسوں تک کیٹرنگ کا کام کیا ہے، اس کے بعد میں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور 1992 ء میں ’ہلوان‘ فلم سے بالی ووڈ انڈسٹری میں آ گیا۔

واضح رہے کہ اداکار سنیل شیٹی تاحال اپنے کریئر میں 114 ہندی فلموں جبکہ 12 دیگر زبانوں کی فلموں میں بھی کام کر چکے ہیں۔