بی پی ایل: ڈھاکا پلوٹون نے کومیلا واریئرز کو پانچ وکٹ سے ہرادیا

بنگلادیش پریمیئر لیگ میں پیر کو کھیلے گئے پہلے میچ میں ڈھاکا پلوٹون نے کومیلا واریئرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سے ہرادیا، میچ کا فیصلہ آخری اوور کی پانچویں گیند پر ہوا۔

چٹو گرام میں کھیلے گئے میچ میں کومیلا واریئرز نے پہلے بیٹنگ کی، اوپنر راجا پاکسا نے دُھواں دار اننگز کھیلی اور صرف 65 گیندوں پر 96 رنز بنائے، جس میں سات چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

یاسر علی نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 30 رنز اسکور کیے، یوں کومیلا واریئرز کا اسکور تین وکٹ پر 160رنز رہا۔
جواب میں ڈھاکا پلوٹون نے ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا، مہدی حسن نے صرف 29 گیندوں پر سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ اوپنر تمیم اقبال نے 34 رنز بنائے۔

سابق پاکستانی کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے 16 گیندوں پر 26 رنز اسکور کیے اور 28 رنز بنانے والے مومن الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کو پانچ وکٹ سے فتح دلائی۔