انگلینڈ کیخلاف نتائج توقعات کے مطابق نہیں رہے، بسمہ معروف

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ ملائیشیا میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے نتائج توقعات کے مطابق نہیں رہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے باؤنسی وکٹوں پر کھیلنے کی تیاری کرنا ہوگی۔

ملائیشیا میں کھیلی گئی ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان خواتین ٹیم ایک بھی میچ نہیں جیت سکی تھی۔

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی، پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 75 رنز سے ہرایا اور دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 127 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ تیسرا میچ بے نتیجہ رہا۔

اسی طرح تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-3 سے شکست دی تھی