مفتاح اسماعیل کی رہائی حق اور صداقت کی فتح ہے : خواجہ طارق نذیر

 انتقامی حکومت کے جعلی مقدمات کی حقیقت عدالتوں میں کھل کر سامنے آرہی ہے ،سینئر مسلم لیگی رہنما
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ طارق نذیر نے پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری اورسابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت اور رہائی کے احکامات کو حق کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتقامی حکومت کے جعلی مقدمات کی حقیقت عدالتوں میں کھل کر سامنے آرہی ہے،ملک کوتوانائی کے بحران سے نجات دلانے جیسے اقدامات کرنے والے مفتاح اسماعیل کی گرفتاری اس حکومت کے منہ پر طمانچہ تھی،ان شاء اللہ جھوٹے مقدمات میں پابندسلاسل تمام مسلم لیگی رہنماجلد عوام کے درمیان ہوںگے،ہمیں عدالتوں پر اعتمادہے ۔

پیر کو جاری بیان میں خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی رہائی نے ثابت کردیا ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی جانب سے مسلم لیگی رہنماؤں کے خلاف قائم کیے گئے تمام مقدمات سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ مل کر ملک کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے لیے مثالی اقدامات کیے اور ان دونوں شخصیات کے بدولت ملک میں لوڈشیڈنگ کے بحران پر قابو پایا گیا ۔ان شخصیات کی ستائش کرنے کی بجائے تحریک انصاف کی حکومت نے ان دونوں رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا اور ملک کی خدمت کو ان کا جرم بنادیا۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ مسلم لیگی رہنماؤں کے خلاف قائم کیے گئے تمام مقدمات کا پول اسی طرح عدالتوں میں کھلتا رہے گا اور سلیکٹڈ حکمرانوں کے پاس سوائے شرمندگی کے کچھ نہیں بچے گا ۔انہوں کہا کہ ایل این جی کیس میں گرفتار شاہد خاقان عباسی پر اب تک ایک الزام بھی ثابت نہیں ہوسکا ہے ۔ان کی بے گناہی پر کسی کو ذرا برابر بھی شک نہیں ہے ۔امید ہے کہ انہیں بھی عدالتوں سے جلد رہائی ملے گی ہمیں عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے۔