اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی درگاہ غوثیہ دستگیر کے سجادہ نشین پیر سید سورج دستگیر شاہ جیلانی سے ان کے والد پیر آف رانی پور پیر غلام غوث شاہ جیلانی المعروف پیر بگن شاہ کی وفات پر تعزیت

خیرپور: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے رانی پور پہنچ کر درگاہ غوثیہ دستگیر کے سجادہ نشین پیر سید سورج دستگیر شاہ جیلانی سے ان کے والد پیر آف رانی پور پیر غلام غوث شاہ جیلانی المعروف پیر بگن شاہ کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی پیر سید احمد رضا شاہ، چیئرمین ضلع کونسل شہریار وسان، سابق ضلعی ناظم پیر سید نیاز حسین شاہ، پیر دلشاد شاہ، پیر شاہزیب شاہ اور دیگر موجود تھے۔ تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ آرمی چیف کی ملازمت کی مدت کا بل اسمبلی میں آیا تو پارٹی فیصلہ کرے گی، سابق جنرل مشرف کے کیس میں عدالتی فیصلہ تفصیل سے نہیں پڑھا کیونکہ میں جیل میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ سید غلام غوث شاہ بگن شاہ کی جدائی پر دلی صدمہ ہوا ہے بگن سائیں معتبر، پیار محبت، انسانیت کے سچے پیروکار تھے ہمیشہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا ایسی شخصیت بھلانے والی نہیں۔ ادھر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے ایک غلط نوٹیفیکیشن جاری کرکے آرمی چیف کی مدت ملازمت کو متنازع بنادیا ہے عمران خان نیازی کا یوٹرن ملک کا بیڑا غرق کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے کی سزا آئین میں موجود ہے پرویز مشرف کے لیے جو فصلے پرنوٹ لگا ہوا ہے وہ مناسب نہیں پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت پر یقین کیا ہے نیب کے ذریعے پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف اربوں روپے کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ آصف علی زرداری کو گنے کے موصولہ چیک کی بنیاد پرریفرنس داخل کیا جو ثابت نہیں ہوسکا جس کے بعد عدالتوں نے ضمانتیں دیں جبکہ وفاقی حکومت نے کوئی احسان نہیں کیا۔