ملیر سٹی نکاسی آب میگا منصوبہ وزیر اعلیٰ سندھ کی کاوشوں کا ثمر ہے : جان محمد بلوچ

جعفر طیار ،کھوکھراپار، بکرا پیڑی کے رہائشیوں کے لیے سیوریج میگا منصوبے پر کام شروع
منصوبے کی تکمیل سے عوام آئندہ پچاس سال تک فائدہ اٹھا سکے گی
کراچی :  چیئرمین بلدیہ ملیرجان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی کاوشوں سے جعفر طیار ، کھوکھرا پار، بکرا پیڑی روڈ ، ملیر15 ، نیشنل ہائی وے کے رہائشیوں کو درپیش سیوریج کا دیرینہ مسئلہ عنقریب حل ہوجائے گا، منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، سیوریج لائن کی بچھائی ملیر ندی سے ملیر مندر تک مکمل بچھا دی گئی ہے مزید بچھائی کاکام تیزی سے جاری ہے، ہم حکومت ِ سندھ کے مشکور ہیں کہ ملیر کےلئے کھوکھراپار براستہ ملیر15مین ڈسپوزل تا ملیر ندی 8ہزار5سو رننگ فٹ نکاسی آب کے میگا منصوبہ عنقریب مکمل ہوجائے گا، ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے میونسپل کمشنر صفدر علی بھگیو کے ہمراہ منصوبے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین بلدیہ ملیر نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے عوام آئندہ پچاس سال تک فائدہ اٹھا سکے گی پاکستان پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور عوام کی خوشحالی ہے سیاسی تفرقات سے بالا تر ہوکر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔

بلدیہ ملیر کی تعمیر و ترقی کے سفر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں،بلدیہ ملیر کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔اس موقع پراراکین کونسل یوسف غوری ، سعید خان افغان، یوسی چیئرمین امین مانا ،سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، اقبال ڈاہری اور دیگرانجینئر زبھی موجود تھے۔چیئرمین بلدیہ ملیرجان محمد بلوچ نے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیوریج لائن منصوبے کے تعمیراتی کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، بہترین کوالٹی کامیٹریل استعمال کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش نکاسی آب کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر ختم کیا جاسکے،موقع پر موجود علاقائی معززین نے چیئرمین بلدیہ ملیر سے علاقے کی گلیوں میں روڈ کارپٹنگ کا بھی مطالبہ کیا چیئرمین بلدیہ ملیر نے علاقہ معززین کو یقین دلایا کہ سیوریج کامنصوبہ مکمل ہونے کے بعد گلیوں میں روڈ کارپٹنگ کا کام بھی شروع کردیا جائے گا جس پر علاقائی معززین نے علاقے کے دیرینہ مسائل کے حل پرچیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ سے تشکر کا اظہار کیا۔