م ص ایمن ایک کہنہ مشق مصنف ہیں، ایس ایم معین قریشی

اردو ادب کی خدمت اور فروغ ہمارا مشن ہے، طاہر سلطان پرفیوم والا
اردو کو رومن میں لکھنا اردو دشمنی ہے، شیخ طارق جمیل
کراچی :  م ص ایمن ایک کہنہ مشق مصنف ہیں اور ایک پرخلوص انسان ہیں۔ یہ بات آرٹس کونسل آف پاکستان ادبی کمیٹی گلشن اور سوشل اسٹوڈنٹس فورم کے اشتراک سے معروف مصنف م ص ایمن کے اعزاز میں منعقد تقریب پذیرائی سے بحیثیت صدر تقریب خطاب کرتے ہوئے ایس ایم معین قریشی نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ م ص ایمن کی تصانیف میں مزاح، ناول اور عالم الاعداد سے متعلق کتابیں شامل ہیں۔

جو نہایت عمدلہ، اعلیٰ و مستند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ م ص ایمن کا مستقبل بہت روشن اور تابناک ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی بزم شعروسخن کے نو منتخب صدر طاہر سلطان پرفیوم والا نے کہا کہ مصنف کی علمی مہارت ان کی تحریروں سے جھلک رہی ہے۔ اللہ کرے کہ زورِ قلم اور زیادہ! مہمانِ اعزازی معروف سماجی راہنما بزمِ شعر و سخن کے سابق صدر شیخ طارق جمیل نے کہا کہ ہر علاقے میں لائبریری اور کتاب دوستی کیلئے چراغ جلارہے ہیں۔ چراغ سے چراغ جلے گا تو پورے شہر میں علم کی روشنی پھیلے گی۔ قبل ازیں سوشل فورم کے چیئرمین نفیس احمد خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ م ص ایمن ایک بے لوث انسان ہیں اور ساری زندگی علم و ادب کی آبیاری میں صرف کی ہے اسی وجہ سے ہم فورم کی جانب سے تقریب پذیرائی منعقد کررہے ہیں۔

تقریب پذیرائی سے سینئر صحافی و کالم نویس کرن صدیقی، انجینئر شاہد حسین قادری، وقار زیدی، عامر بشیر، فورم کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد رفیع احمد، آرٹس کونسل آف پاکستان کی فکشن کمیٹی کے شاہد محمود نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ میزبانی کے فرائض کے ایم سی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشن معروف مصنف و کمپیئر علی حسن ساجد نے نہایت عمدگی سے نبھائے۔