حکومت سندھ تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ مرتضیٰ بلوچ

کراچی  : صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں و خصوصی ترقی غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں کامیابی حاصل کئے بغیر ہم کسی اور شعبے میں ترقی حاصل نہیں کرسکتے اور اس مقصد کے حصول کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ یہ بات آج انہوں نے یوسی کونکر سی ای ٹی سی گڈاپ اسکول کی جانب سے اسپورٹس گالا اور تقسیم انعامات کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو سردی کے کپڑے( سویئٹر ، جیکٹ )بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ نے اسپورٹس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ تقریب میں اسکول کے طلبہ نے قومی نغموں پر مشتمل رنگارنگ ٹیبلوز بھی پیش کئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ نصابی تعلیم کے ساتھ طلبہ کا غیر نصابی سرگرمیوں خصوصاً کھیلوں میں دلچسپی لینا اور آگے بڑھنے کا جذبہ رکھنا صحت مند ماحول کی عکاسی کرتا ہے اور مجھے امید ہے کہ اساتذہ اور طلبہ اسی لگن اور محنت سے آگے بڑھتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات اور بھی باعث مسرت ہے کہ کراچی کے مضافاتی علاقے کونکر میں اسکول کے بچوں کا ٹیلنٹ قابل دید ہے اور ان کے اساتذہ اور والدین ان کے ساتھ سخت محنت کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم کے شعبے میں نمایاں کام کر رہی ہے، اساتذہ کے ساتھ بچوں کی تربیت میں والدین کو بھی کردار ادا کرنا چاہیئے اور جب تک ہم یکجا ہو کر تعلیم کے فروغ کے لئے جدو جہد نہیں کریں گے اس وقت تک مکمل کامیابی حاصل نہیں کرسکتے۔