حکومت سندھ خصوصی بچوں کی بحالی کے کاموں کے لئے پرعزم ہے : سید قاسم نوید قمر

کراچی:  وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ خصوصی بچوں کی مدد کے لئے پرعزم ہے اور ہم انہیں تعلیم ، نگہداشت ، صحت کی سہولیات اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کررہے ہیں تاکہ ان کو معاشرے کا  کار آمد شہری   بنایا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز یہاں الشفا ٹرسٹ کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ محمد شعیب صدر الشفا ٹرسٹ ، ایم شعیب ڈہری جی ایم ٹرسٹ ، نعیم قریشی فنانس منیجر الشفا ٹرسٹ اور محترمہ روزینہ سرفراز بھی موجود تھے۔
اس موقع پر انہوں نے ٹرسٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں انہیں خصوصی بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا ، ‘اس میں کوئی شک نہیں کہ افراد اور غیر سرکاری تنظیموں کی ایک قابل ذکر  تعداد اس شعبے میں کام کر رہی ہے اور خصوصی بچوں اور افراد کی  بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، یہ ایک بہت بڑا کام ہے اور ہم سب کو مل کر معاشرے میں نیکی پھیلانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے’۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ان کا محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ ان افراد اور اداروں  کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے جو خصوصی افراد اور بچوں  کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہے ہیں۔ اور ان کے دروازے ہمیشہ ان کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔