مغل گارڈن کو تزئین و آرائش کے بعد آج سے شہریوں کے لئے کھول دیا گیا

کراچی:  مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ چڑیا گھر کے مغل گارڈن کی صورت حال گزشتہ کئی سال سے خراب رہی ہے ۔یہ تاریخی جگہ ہے ملکہ جاپان سمیت دلیپ کمار اور دیگر بین الاقوامی شخصیات یہاں آ چکی ہیں ۔ اس کی تزئین و آرائش کی گئی ہے اور آج سے شہریوں کے لئے کھولا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام کراچی چڑیا گھر میں مغل گارڈن کی تزئین و آرائش کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پارک میں آج سے فیملی آنا شروع ہو جائے گی اور بچے یہاں آ کر بہت خوش ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ بلدیہ عظمی کراچی شہریوں کو سستی تفریح فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اب تک کافی تعداد میں پارکوں کو مکمل کر کے عوام کے لئے کھولا گیا ہے ۔ کراچی چڑیا گھر کی ترقی کا کام جاری ہے دوسرے فیز پر کام جلد شروع ہو گا ۔علاؤالدین پارک کا معاہدہ ختم ہو گیا ہے اس کو از سر نو ٹینڈر کیا جائے گا اور تمام قانونی کارروائی پوری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پر کام جاری ہے اور جلد میڈیا کے توسط سے اشتہار شائع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تین سال میں میرے دور کی مکمل تحقیقات کے لئے تیار ہیں۔ دوسرے فیز میں چڑیا گھر میں پارکنگ کی جگہ مہیا کی جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ چڑیا گھر کے ماحول بہتر بنایا جائے اس کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ آنے والی فیملیز کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ۔