سندھ کو اس کے حصہ کی گیس سے محروم کیا جارہا ہے۔ مرتضیٰ وہاب

کراچی: ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ میں گیس کے بدترین بحران پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کو اس کے حصہ کی گیس سے جان بوجھ کر محروم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی پیداوار کا ستر فیصد گیس کا ذخیرہ سندھ سے حاصل کیا جاتا ہے مگر ستم یہ ہے کہ اسی صوبہ کو اس کے قدرتی وسائل سے محروم کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج گھروں کے چولہے گیس نہ یونے سے ٹھنڈے پڑے ہیں مگر گیس کے نرخوں میں دو سو فیصد اضافہ کی تجویز دی جارہی ہے ۔


کراچی ملک کا معاشی حب ہے مگر آج یہاں کے شہریوں کو محرومی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ صنعتیں، ٹرانسپورٹ اور گھریلو صارفین پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ تحریک انصاف کو شاید ملک میں تبدیلی کے لیے نہیں ملک کی تباہی کے لیے ووٹ ملا تھا ۔ عمران خان نیازی اینڈ کمپنی نے ملک کو سہانے خواب دکھائے مگر ان کی تعبیر بہت خوفناک منظر پیش کررہی ہے اس تبدیلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے خدارا ہمارے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور سندھ میں گیس کے بحران کا خاتمہ کریں ۔