محکمہ ایکسائز سندھ کا پروفیشنل ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ نے پروفیشنل ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے اور کاروباری حضرات  کو کہا گیا ہے کہ وہ 31 دسمبر تک اپنا  پروفیشنل ٹیکس جمع کروا دیں۔ بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ  .محکمہ ایکسائز سندھ کاروباری حضرات کو سالانہ بنیاد پر کمپیوٹرائزڈ ٹیکس چالان دیتا ہے اور یہ   کاروباری حضرات www.excise.gos.pk اور www.business-sindh.gov.pk پر ایک اسان طریقہ کار کے ذریعے اپنا کاروبار رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کاروباری حضرات کی سہولت کے لئے اور  کسی بھی معلومات یا شکایت کے کے لئے کراچی 021-32710072, حیدرآباد 022-9200148, سکھر 071-9310202, لاڑکانہ 074-9410751, میرپور خاص 0233-9290211 اور شہید بے نظیر آباد 0244-9370170 نمبرز دئیے گئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے ہدایت کی کہ کاروباری حضرات کو پروفیشنل ٹیکس جمع کروانے کی ترغیب دینے کے لئے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم بھی شروع کی جائے تاکہ وہ بروقت اپنے ٹیکسز جمع کروا سکیں۔ انہوں نے پروفیشنل ٹیکس جمع کروانے والے کاروباری حضرات کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے اپنے ٹیکسز بروقت جمع کروا کر قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ مکیش کمار چاؤلہ نے افسران کو بھی ہدایت دی کہ وہ پروفیشنل ٹیکس جمع کروانے والوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں