سری لنکا کیخلاف پاکستانی بیٹنگ مشکلات کا شکار

کراچی میں پاک سری لنکا سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ مشکلات کا شکار ہے۔

اوپنر شان مسعود 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیسٹ کپتان اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

قومی ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پنڈی ٹیسٹ کے ریکارڈ ساز سنچری میکر عابد علی تھے انہوں نے 38 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔

میچ کے پہلے سیشن میں کھانے کے وقفے تک پاکستان نے24 اوورز کے اختتام پر 3 وکٹ کے نقصان پر 72 رنز بنا لیے ہیں۔

وکٹ پر 27 رنز بنانے والے بابر اعظم کے ساتھ اسد شفیق ایک رن بنا کر موجود ہیں
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو آغاز میں ہی غلط ہوا۔

آج کے میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے اسکواڈ میں ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے
پاکستان کی ٹیم نے فاسٹ بولر عثمان خان شنواری کی جگہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

دوسری جانب مہمان ٹیم سری لنکا نے اپنی ٹیم میں اسپنر لاستھ امبلڈینیا کو زخمی کھلاڑی کاسن راجتھا کی جگی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 10 سال بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی ہوئی ہے، 10 سال قبل یہاں ہونے والا آخری ٹیسٹ میچ بھی پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین ہی کھیلا گیا تھا جس میں یونس خان کی ٹرپل سنچری کی بدولت پاکستان نے پہلی اننگ میں 765 رنز اسکور کیے تھے