آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی وجہ سے اب ہر ٹیسٹ اہم ہے، سری لنکن کپتان

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی وجہ سے اب ہر ٹیسٹ اہم ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے کہا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی وجہ سے اب ہر ٹیسٹ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پوائنٹس کے لیے کراچی ٹیسٹ جیتنا ہوگا کراچی ٹیسٹ کے لیے اچھی تیاری کی ہے، اُمید ہے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ میچ سے قبل فائنل الیون کا اعلان کریں گے۔ پاکستان میں سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے سری لنکن کپتان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کے باعث وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان نہ آسکے تھے جس کا اُنہیں افسوس ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اُن کی ذاتی رائے میں پاکستان میں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے یہ ایک محفوظ ملک ہے، بنگلادیش کرکٹرز کو پاکستان آنے کے لیے اپیل نہیں کرسکتا کیونکہ یہ میری ذاتی رائے ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں سیشن ٹو سیشن فوکس کرنا ہوگا تاکہ میچ پر گرفت مضبوط ہوسکے ۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعرات سے نیشنل اسٹیدیم کراچی میں شروع ہوگا اس گراؤنڈ پر آخری ٹیسٹ 2009 میں اِنہی دو ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا، یوں پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا سلسلہ وہیں سے جُڑ رہا ہے جہاں سے ٹُوٹا تھا۔