فہیم اشرف کو گھٹنے کی تکلیف سے نجات مل گئی

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو گھٹنے کی تکلیف سے نجات مل گئی ہے۔ فہیم اشرف قائداعظم ٹرافی کے فائنل کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) میڈیکل پینل نے کرکٹر فہیم اشرف کو مکمل فٹ قراردے دیا ہے، فہیم اشرف قائداعظم ٹرافی کے فائنل میچ کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

آل راؤنڈر قائداعظم ٹرافی میں کراچی میں لگائے جانے والے سنٹرل پنجاب کے کیمپ میں شریک ہوں گے۔

فہیم اشرف قائد اعظم ٹرافی کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

قائد اعظم ٹرافی کا فائنل سنٹرل پنجاب اور ناردرن کے درمیان 27 سے 31 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

جون 2017ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا آغا کرنے والے رائٹ آرم میڈیم فاسٹ بولر فہیم اشرف اب تک پاکستان کی جانب سے چار ٹیسٹ، 23 ایک روزہ بین الاقوامی اور 27 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔