پاک سری لنکا دوسرا ٹیسٹ کل سے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے کراچی میں شروع ہو گا ، نیشنل اسٹیڈیم دس سال بعد ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا ،امکان ہے دونوں ٹیمیں ایک، ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

کراچی میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا وقت آ گیا ، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔

پاکستان کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ دس سال بعد کراچی میں ہونے والے ٹیسٹ کو جیت کے ساتھ یادگار بنانا چاہتے ہیں جبکہ سری لنکن کپتان کرونارتنے کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی وجہ سے ہر میچ اہم ہو گیا ہے ، سیشن ٹو سیشن کھیل پر توجہ دینا ہو گی
نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیم پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے ، صرف دو ٹیسٹ میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔

امکان ہے کہ دس سال بعد یہاں ہونے والے ٹیسٹ میں دونوں ٹیمیں ایک، ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

پاکستانی اسکواڈ جس کے بیٹنگ آرڈر میں تو کوئی تبدیلی نہیں ہو گی ، عابد علی، شان مسعود، اظہر علی، بابراعظم، اسدشفیق اور حارث سہیل بیٹنگ لائن کا حصہ ہوں گے۔

بولنگ اٹیک میں ایک تبدیلی متوقع ہے، بخار میں مبتلا عثمان شنواری کی جگہ یاسر شاہ لیں گے۔ پھر فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ اور محمد عباس ایکشن میں نظر آئیں گے۔

دوسری جان سری لنکا اسکواڈ میں بھی ایک تبدیلی کی اطلاع ہے، میڈیم پیسر کاسون راجیتھا کی جگہ لیفٹ آرم اسپنر لاستھ ایمبولدینیا کو موقع ملے گا