سیاست میں کبھی نہیں آؤں گا، مجھے میرے کام سے پیار ہے، اکشے کمار

بھارتی فلم اسٹار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی سیاست میں نہیں آئیں گے کیونکہ وہ اپنے کام کے ذریعے ملک کی خدمت کرتےہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار نے دہلی میں ہونے والے ایک ایونٹ میں گفتگو کے دوران کہا کہ ’میں خوش رہنا چاہتاہوں، اِس لیے کبھی سیاست میں نہیں آؤں گا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے اپنی فلموں اور کام سے بہت پیار ہے اِس لیے میں اپنے ملک کی خدمت میں جو بھی تعاون کروں گا وہ اپنی فلموں کے ذریعے ہی کروں گا اور یہ ہی میرا کام ہے۔‘

اکشے کمار نے کہا کہ ’میری سوچ یہ ہے کہ ہمیں یہ نہیں دیکھنا چاہیے کہ ہمارے ملک نے ہمیں کیا دیا ہے بلکہ یہ سوچنا چاہیے ہم اپنے ملک کو کیا دے سکتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ’کسی بھی پارٹی کا لیڈر ہو اُس کو اپنا کام کرنے دیں کیونکہ اُس کو آپ ہی لوگوں نے چناہوتا ہے۔‘

ایونٹ میں گفتگو کے دوران اکشے کمار نے اپنی زندگی کا وہ واقعہ سُنایا جب اُن کو پہلی مرتبہ قومی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ’جب مجھے پہلا قومی ایوارڈ مِلا تو اُس تقریب میں میرے برابر میں ایک لڑکی بھی بیٹھی ہوئی تھی اور وہ اداکارہ تھی، اُس نے مجھ سے کہا کہ میں آپ کی بہت بڑی مداح ہوں، پھر اُس نے مجھے قومی ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔‘

اکشے کمار نے بتایا کہ ’اُس اداکارہ نے مجھ سے پوچھا کہ آپ نے اب تک کتنی فلمیں کی ہیں؟ جس پر میں نے کہا کہ 137 فلمیں کی ہیں۔‘

اداکار نے بتایا کہ جو سوال اُس اداکارہ نے مجھ سے پوچھا تھا میں نے بھی اُس سے وہ ہی سوال پوچھا جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ ’یہ میری پہلی فلم ہے اور مجھے اِس کے لیے قومی ایوارڈ ملا ہے۔‘

اداکار نے کہا کہ ’یہ سُن کر مجھے بہت شرمندگی ہوئی اور اِس طرح اُس اداکارہ کے سامنے میری بے عزتی ہوگئی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے اپنی زندگی سے بہت پیار ہے اور مجھے فخر ہے اپنے کام اور اپنی زندگی پر۔