پرفارم نہ کرنے پر تنقید کو مثبت لینا چاہیے، اظہر علی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ جب آپ پرفارم نہیں کرتے تو تنقید ہوتی ہے، اسے مثبت لینا چاہیے، مجھے بھرپوراندازہ ہے کہ میں کچھ عرصے سے اسکور نہیں کر رہا ہوں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ جب میں سمجھوں گا کہ میں نہیں کھیل سکتا تو خود بتا دوں گا، کوشش ہے کہ جلد سے جلد فارم بحال کروں اورلمبی اننگزکھیلوں۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا جیسے ملک میں تجربہ کار بالرز نہ ہوں تو پریشانی ہوتی ہے، تاہم اب ہوم سیریز کا فائدہ لینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اور عابد کی بیٹنگ سے مثبت تاثر ملا ہے، دوسرے ٹیسٹ میں بہترین کمبی نیشن میدان میں اتاریں گے۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں نئے لڑکے ہیں بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ اچھی بولنگ کررہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ فواد عالم ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے مایوس ہونے والوں کے لیے بہترین مثال ہیں، انہوں نے ٹیم میں واپسی کے لیے 10 سال انتظار کیا ہے۔

اظہر کا کہنا تھا کہ فواد ہمارے پلان کا حصہ ہیں جب ضرورت محسوس ہوئی انہیں کھلائیں گے۔