پاک۔سری لنکا ہیڈ کوچز کراچی ٹیسٹ میں فتح کے لیے پُرعزم

پاکستان اور سری لنکا کے ہیڈ کوچز نے کراچی ٹیسٹ میں فتح کے لیے عزم کا اظہار کردیا۔

سری لنکا کے کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ سے آج بھی محبت ہے لیکن اب وہ مخالف ٹیم کے ڈریسنگ روم میں ہیں، جبکہ مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم بھی مقابلے کے لیے تیار ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ پنڈی ٹیسٹ بارش اور خراب روشنی کے باعث نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: دوسراٹیسٹ، پاک سری لنکن کھلاڑیوں نے کمر کس لی

کراچی میں سری لنکن ٹیم کی پریکٹس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پاکستان ٹیم کے سابق اور سری لنکن ٹیم کے موجودہ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ اور کرکٹرز کی سوچ سے واقف ہیں۔ پاکستان کرکٹ سے انہیں آج بھی محبت ہے لیکن وہ اب مخالف ٹیم میں ہیں اور یہاں جیتنے کے لیے آئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کامیابی کے لیے حریف کو آؤٹ کرنا ضروری ہے، فواد عالم کی اگر جگہ بنی تو وہ فائنل الیون میں ضرور کھیلیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ ڈرا

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا دونوں ٹیموں کو ایک دوسرے کا اندازہ ہے، کیوریٹرز کو پہلے ہی کہا تھا کہ ایسی وکٹ دیں جس میں فاسٹ بولرز کو مدد ملے لیکن کراچی میں اسپنرز کا کردار بھی رہے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے منگل کو تقریباً 3 گھنٹے ٹریننگ کی، دونوں ٹیمیں بدھ کو بھی طویل پریکٹس سیشن کریں گی جبکہ جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ باضابطہ طور پر شروع ہوگا۔