سری لنکن کپتان کو پاکستانی مصورہ کی پینٹنگ پسند آگئی

پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے موجود سری لنکن کھلاڑی پاکستانی انتظامات اور مداحوں سے ملنے والی محبت پر بہت خوش ہیں۔ اسلام آباد میں مہمان ٹیم کے کپتان کو پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر کی پینٹنگ پسند آگئی۔

اسلام آباد میں تقریب کے دوران پاکستان کی مصورہ رابعہ ذاکر نے سری لنکن کپتان دیمتھ کارونارتنے کو اپنی پینٹنگ تحفے میں پیش کی جو انہیں بہت پسند آئی اور وہ اس کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔
سری لنکن کپتان دیمتھ کارونارتنے نے کہا کہ آج تک کسی نے بھی میرا پورٹریٹ نہیں بنایا، مجھے یہ پورٹریٹ حقیقت کے بہت قریب لگا ہے
انہوں نے رابعہ ذاکر کی طرف سے ملنے والے تحفے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورٹریٹ اپنے ہمراہ گھر لےجاؤں گا اور اپنے کمرے میں سجاؤں گا۔

سری لنکن کپتان نےاپنی ٹیم کی جانب سے پاکستانی قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس سے قبل سری لنکن کپتان دیمتھ کارونارتنے نے پاکستان میں سیکورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار بھی کیا اور جلد دیگر ٹیموں کے پاکستان آنے کی امید بھی ظاہر کی تھی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 میچوں کی سیریز پر مشتمل راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا جبکہ کراچی ٹیسٹ 19 دسمبر سے شروع ہوگا جس کے لئے دونوں ٹیمیں کراچی پہنچ چکی ہیں