سری لنکن کھلاڑی انجیلومیتھیوز نے 60 پوائنٹس پر نظریں جمالیں

سینئر سری لنکن کھلاڑی انجیلو میتھیوز نے پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ پر نظریں مرکوز کرلیں اور میچ جیت کر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن میں 60 پوائنٹس حاصل کرنے کو اپنا مقصد بنالیا۔

سری لنکا کے سابق کپتان انجیلو میتھیوز کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے ذریعے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی روح پھونک دی ہے اور اسے دلچسپ بنادیا ہے
کراچی کے نجی ہوٹل میں میڈیا سیشن کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سری لنکا کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ تمام ٹیمیں ٹیسٹ میچز جیتنے کر پوائٹس حاصل کرنے کی دوڑ میں لگی ہیں اور ان کے لیے ہر میچ ہی اہم ہے
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی میں پورے 60 پوائنٹس (میچ جیت کر) لینے کو اپنا ہدف بنالیا ہے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل کے مطابق ہر سیریز کے 120 پوائنٹس ہوتے ہیں، دو میچ پر مشتمل سیریز کے لیے ایک میچ کے پوائنٹ 60 ہوتے ہیں جبکہ میچ ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 30، 30 پوائنٹس دے دیے جاتے ہیں۔

انہوں نے سری لنکن ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے پر راولپنڈی کے شائقین کو سراہا اور کہا کہ وہاں کا ماحول بہت اچھا تھا، لیکن بد قسمتی سے ہمیں صرف کھیل کے لیے 2 ہی دن مل سکے، لیکن ہم نے وہاں پاکستانیوں میں کرکٹ کا جنون دیکھا تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی فینز کا جنون دیکھ کر ضرور کہیں گے کہ یہاں کے لوگ ہوم گراؤنڈز پر کرکٹ کے حقدار ہیں
انجیلو میتھیوز نے کہا کہ ہم نے راولپنڈی میں دیکھا کہ لوگ ہماری ٹیم کے لیے بھی بہت خوشی مناتے دکھائی دیے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے یہاں آنے سے وہ ٹیم کے شکرگزار ہیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ بارش کی نذر ہونے کے بعد انہوں نے کراچی میں بہترین کرکٹ ہونے کی امید کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ کراچی ٹیسٹ بارش سے متاثر نہیں ہوگا اور یہ میچ فیصلہ کن ہوگا، ہم یہاں اچھی کرکٹ کھیلنا چاہیں گے اور مضبوط پاکستانی ٹیم کے خلاف جیت کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم متوازن اور مضبوط ہے، آپ کسی ایک کھلاڑی کی طرف نہیں دیکھ سکتے، یہاں سارے ہی اچھے ہیں، تاہم ہماری نظریں 60 پوائنٹس پر ہیں