ملک میں کوئی بحران نہیں

ملک میں کوئی بحران نہیں البتہ کرپشن کے کاروبار سے وابستہ اپوزیشن ضرور بحران کا شکار ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ عوام نے احتساب کے جاری عمل میں مزاحمت کرنے والوں کے چہرے پہچان لئے ہیں’ مرکزی رہنما تحریک انصاف
 پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کی منجدھار میں پھنسی کشتی کو کنارے لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،اپوزیشن اپنی سیاست کیلئے کرپشن سے تقویت لیتی ہے اس لئے آج بھی مزاحمت کی صورت میں اس کی آبیاری کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 127سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں اور کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت اس سے آگاہ ہے کہ ہمیں روزگار کی فراہمی کیلئے اپنی گروتھ کو بڑھانا ہوگا جس کیلئے حکومت ترجیحی اور انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولیات اور مراعات دے رہی ہے اور سب سے بڑھ کر ان کے سرمائے کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت کوئی بحران نہیں البتہ کرپشن کے کاروبار سے وابستہ اپوزیشن ضرور بحران کا شکار ہے ،عوام نے احتساب کے جاری عمل میں مزاحمت کرنے والوں کے چہرے پہچان لئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اقتدار کے ہوس میں اندھی ہو چکی ہے،اپوزیشن کے دل میں عوام کی نہیں بلکہ اسلام آباد کی تڑپ ہے اور ان کیلئے اقتدار سے باہر رہنا محال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران ملک کو تنزلی کی گہرائیوں میں دھکیل کر گئے ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان ملک کی منجدھار میں پھنسی کشتی کو ضرور کنارے پر لگائیں گے اور ہم اپنی منزل کو بھی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے آج تک عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایک تجویز دینا گوارا نہیں کیااور صبح و شام صرف این آر او دینے کا واویلا کیا جارہا ہے ۔                                                          شعبہ نشرو اشاعت                                                                  0300-8448973

اپنا تبصرہ بھیجیں