ریلوے کاخسارہ واضح طور پرکم ہواہے: شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل ہم لاہور میں شٹل ٹرین کا افتتاح کررہے ہیں جبکہ سرگودھا ڈویژن ٹریک کا دورہ کرنے آج جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم پرائیوٹ کمپنیوں کو بھی پیشکش کر رہے ہیں ۔ چین ایم ایل ون کیلئے تیار بیٹھا ہے، کمیٹی بنا دی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ جہاں تک سیاست کا تعلق ہے آج ساری قوم غمگسار ہے، ڈاکٹروں اور وکلا کے جھگڑے کے بعد لوگوں کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ پستی کی طرف جارہا ہے، غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی زبا ن استعمال کی جارہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری کی ضمانت اچھی بات ہے، تمام جماعتیں مشاورت سے الیکشن کمشنر کی تعیناتی کریں تو بہتر ہوگا،انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت مستحکم کر دی ہے اور آئندہ تین ماہ میں مہنگائی میں مزید کمی آئے گی۔