برطانیہ میں پارلیمانی انتخابات، کنزرویٹو پارٹی نے میدان مار لیا

برطانیہ میں پانچ سال کے عرصے میں تیسرے عام انتخابات میں کنزرویٹو جماعت نے مطلوبہ 326 نشستیں حاصل کر لیں، بورس جانسن کی جماعت کنزرویٹو اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

اب تک 650 میں سے 648 نشستوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، کنزرویٹو پارٹی اب تک 363 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ لیبر پارٹی 203 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جب کہ ایس این پی 48، ایس ایف 5، ایل ڈی 11، پی سی کو 2 نشستیں ملی ہیں۔

برطانوی پارلیمنٹ کی 650 نشستوں پر انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے گئے ہیں، برطانوی میڈیا نے ایگزٹ پول جاری کیا تھا، جس میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ لیبر پارٹی کو 191 نشستیں جب کہ کنزرویٹو پارٹی کو 368 نشستیں ملنے کا امکان ہے، اسکاٹش نیشنل پارٹی کو55 نشستیں مل سکتی ہیں، لبرل ڈیموکریٹس 13 سیٹیں جیت سکتی ہے، پلیڈ سائمرو 3، گرین پارٹی کو ایک نشست مل سکتی ہے، جب کہ حکومتی جماعت کنزرویٹوپارٹی کو واضح اکثریت ملنے کا امکان ہے۔قبل ازیں، عام انتخابات میں پولنگ کا عمل صبح 7 سے رات 10 بجے تک جاری رہا تھا، پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگی رہیں، پاکستانی کمیونٹی نے بھی انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، کئی پاکستانی نژاد برطانوی شہری دارالعوام کی نشستوں کے لیے امیدوار ہیں۔